Post Date
May 24 2023

خواب سے حقیقت تک - ایم ایس ڈیجیٹل اینڈ ایمبڈڈ سسٹم

Authors
زینب جواد خان

دنیا بھر میں جدت کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے آئے روز ٹیکنالوجی کی دنیا  میں ترقی کی نئی مثالیں قائم ہو رہی  ہیں۔ بیشتر ممالک کی طرح ٹیکنالوجی کی اس تگ و دو میں ہم قدم رہنے کے لیے لمز یونیورسٹی کے الیکٹرکل انجینیرنگ ڈیپارٹمینٹ نے رواں سال ایم ایس ڈیجیٹل اینڈ ایمبڈڈ سسٹم  پروگرام کی شروعات کیں۔ یہ پروگرام اپنے طرز کا پہلا اور اکیلا پروگرام ہے ۔ جس کا مقصد ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے بہترین ممکنہ راہ فراہم کرنا ہے ۔ حالیہ دور میں ڈیجیٹل اینڈ ایمبڈڈ سسٹم کی افادیت و استعمال کو زیرِ غور رکھتے ہوئے اس پروگرام کو  تشکیل دیا گیا ہے۔

فروری2023 میں شروع ہونے والا یہ  دلچسپ پروگرام بنیادی طور پر دو مضامین پر مشتمل ہے جنھیں تکنیکی زبان میں ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ سرکٹ(IC)  اور ایمبڈڈ سسٹم  کہا جاتا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعہ طلبہ کو نہ صرف جدید و نفیس ہارڈویر ذرائع سے روشناس کرایا جائے گا جو ڈیجیٹل سسٹم کی ڈیزایئننگ کے لیے اہم ہیں بلکہ ساتھ ہی ساتھ اعلی درجے کی تربیت کے ذریعے طلبہ کو ایسے سافٹ ویئر ہنروں سے متعارف کرایاجائے گا جو ایمبڈڈ سسٹم  کی بین الا قوامی  سافٹ ویئر مارکیٹ میں نہایت قدرو قیمت کے حامل ہیں۔ 
اس کورس کی تشکیل کے وقت مقامی مارکیٹ میں پیدا ہونے والے مسائل اور ضروریات کو زیر غور رکھا گیا ہے۔ اس پروگرام کا حصہ بننے والے طلبہ کو بنیادی سے اعلی درجے  تک کی سسٹم ڈیزائننگ کی  مشق دی جائے گی۔ اس تعلیم کے ذریعے نہ صرف وہ ڈیجیٹل اینڈ ایمبڈڈ سسٹم  کی مقامی بلکہ بین الا قوامی  مارکیٹ میں بھی اہم پیشرفت کرنے کے  قابل ہوں گے اور الیکٹرانک اور سیمی کنڈکٹر انڈسٹری میں بھی اپنا لوہا منوا سکیں گے۔
اس کورس کے بارے میں مزید جاننے کے لئے ہم نے ایم ایس ڈیجیٹل اینڈ ایمبڈڈ سسٹم کی اولین جماعت کا حصہ بننے والے ہنر مندطالبعلم محمد احد کا انٹرویو کیا۔ احد کا تعلق بورے والا شہر سے ہے اور انہوں نے اپنی  بیچلرز کی ڈگری کمپیوٹر انجینیرنگ میں یو ای ٹی UET  ٹیکسیلا سے حاصل کی۔ ڈگری حاصل کرنے کے بعد احد نے نہ صرف انڈسٹری بلکہ فری لانسنگ میں قسمت آزمائی اور 10x نامی انجینیرنگ کمپنی میں ٹریننگ حاصل کرنے کا موقع پایا۔ 

احد کا کہنا تھا کہ بچپن سے ہی  ریموٹ کنٹرول کار چلانے سے زیادہ دلچسپی انہیں اس چیز میں تھی کہ یہ چلتی کیسے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچپن میں آنے والی موبائل اور کمپیوٹر جیسی ایجادات نے جہاں دنیا کو حیران کردیا وہیں انہیں اتنا متاثر کیا کہ انہوں نے اس کم عمری میں ہی سوچ لیا کہ انہیں اسی علم کو حاصل کرنا ہے۔ بڑے ہوتے ہوئے جب احد نے ٹیکنالوجی کو پوری دنیا پہ قابض ہوتے دیکھا تو ان کا یہ ارادہ مزید پختہ ہو گیا۔ 
10x انجینیرنگ میں ٹرینینگ کے دوران انہیں 10x انجینیرنگ کے LinkedIn   پیج سےلمز کے ایم ایس ڈیجیٹل اینڈ ایمبڈڈ سسٹم پروگرام کا علم ہوا۔ وہ اس پروگرام کے بارے میں جانتے ہی سمجھ گئے کہ یہی وہ موقع ہے جسکی انہیں تلاش تھی اور انہوں نے بلا تاخیر اس کے لئے درخواست جمع کرائی جہاں ان کا انتخاب ہوا اور وہ ان چند خوش نصیب لوگوں میں شامل ہو سکے  جنھیں اس پروگرام کے پہلے دستے کے طور پر چنا گیا۔ 
احد کا کہنا تھا کہ اس کورس میں کثیرالاہمیت تجرباتی تعلیم,  پروجیکٹس اور لیکچرز کے ذریعے ان کی تکنیکی ہنر اور ذہنی قابلیت کو ترقی حاصل ہوئی. ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل (Field Programmable Gate) FGPA Array) جیسا آلہ انہیں دستیاب نہیں تھا۔ لیکن اس کورس میں انہیں اس جدید آلے کی رسائی حاصل ہوئی ۔اس کے ذریعے آپ فیلڈ پر موجود اپنے خیالات کو عملی تشکیل دے سکتے ہیں ۔ایمبڈڈ سسٹم کی فیلڈ میں کام کرنے والوں کے لئے یہ بہترین مو قع فراہم کرتا ہے۔  

احد کا مزید کہنا تھا کہ چار ماہ کے مختصر عرصے میں جدید طرز کی تجربہ گاہوں، آلات ،ورکشاپس اورصنعتی دوروں کی صورت میں ملنے والی تعلیم  نے انہیں ابھی سے اس قابل بنا دیا ہے کہ وہ ایک اساسی درجے کی ایپ تیار کر سکیں۔ پراسیسر اور کنٹرولر کی کوڈنگ اور ڈیزائیننگ بھی اب ان کے لیے مشکل کام نہیں۔ مختصراً اس کورس کے مواد سے ان کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں اور تکنیکی قابلیت کو بے حد فروغ ملا ہے۔

جاتے جاتے  احد کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام ہر لحاظ سے ان کی امیدوں سے بڑھ کر ثابت ہوا اور وہ ڈیجیٹل اینڈ ایمبڈڈ سسٹم  کے  شعبے سے منسلک ہر شخص کو یہ تجویز دیں گے کہ اس کورس کا حصہ بنیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس کورس کے ذریعے انہیں سیکھنے کے ایسے مواقع فراہم ہوئے ہیں جس سے وہ اپنے سیلیکون ویلی میں کام کرنے کے خواب کو عملی جامہ پہنا سکیں گے اور اس کے لیے وہ لمز کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔