Post Date
Feb 4 2022

خطرے کی گھنٹی

لمز سکول برائے سائنس اور انجنیئرنگ کی لیب نے پاکستان کے بولنگ اٹیک کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی!

 

چار گیندوں پر تین وکٹیں لینے والے محمد حسنین کو بین الاقوامی کرکٹ میں کھیلنے سے روک دیا گیا!  یہ خبر  لمز  سکول برائے سائنس اور انجنیئرنگمیں نصب آئیسیسی سے تسلیم شدہ کرکٹ لیبارٹری کی جاری کردہ   رپورٹ کے ذریعے منظر عام پر آئی ۔ اس تجربہ گاہ  کے خالِق اور سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اویس ہیں جِن کا تعلق شعبہ کمپیوٹر سائنس سے ہے۔

 

آئیسیسی کے طے شدہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق کسی بھی گیند باز کا بولنگ ایکشن ۱۵ درجے کے زاویے سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ارسال کی گئی رپورٹ کے مطابق محمد حسنین کے بولنگ ایکشن میں لگاتار ۱۷ سے ۲۴ ڈگری کا زاویہ ناپا گیا۔  یاد رہے کچھ دن قبل آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے میچ کے دوران امپائرز نے محمد حسنین کے بولنگ ایکشن پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ عام حالات میں اس معاملے کی تحقیقات آسٹریلیا میں ہی شروع ہو جاتیں، لیکن پاکستان سُپر لیگ یعنی  پیایسایل میں شمولیت کی خواہش محمد حسنین کو جلد ہی پاکستان لے آئی، لیکن قدرت کو شاید کچھ اور ہی منظور تھا۔ تحقیقاتی عمل اپنے انجام کو پہنچا تو مایوسی کے بادل چھا گئے۔ ایک عرصہ دراز کے بعد پاکستان کو ایسا گیند باز مِلا تھا جو یکے بعد دیگرے ۱۴۵ کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے گیند پھینکنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ مگر جدید ٹیکنالوجی نے ان امیدوں پہ گویا اوس ڈال دی۔

 

تا حال، محمد حسنین کی بین الاقوامی کرکٹ میں شمولیت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ پُر اُمید ہے کہ اس مسئلے کو بہتر تربیتی عمل سے جلد حل کر لیا جائے گا۔

 

لمز کے سید بابر علی اسکول برائے سائنس اور انجینئرنگ میں قائم یہ لیبارٹری پاکستان کی واحد آئیسیسی سے تسلیم شدہ کرکٹ لیبارٹری ہے، جو جولائی ۲۰۱۹ میں  پاکستان کرکٹ بورڈ کی مدد سے قائم کی گئی۔ جدید ترین آلات سے آراستہ، اس لیب کا مقصد مقامی کھلاڑیوں کی بہتر اور معیاری تربیت کرنا  اور ان کے لیے میکانیات کی جدید ترین سائنس کی روشنی میں تجاویز دینا ہے تاکہ کروڑوں پاکستانی اور اس کھیل کے شائقین کی امیدیں کبھی ٹوٹنے نہ پائیں۔  

 

کرکٹ لیبارٹری کے بارے میں مزید پڑھیے

https://sbasse.lums.edu.pk/node/7248